میرپورخاص: یومِ سیاہ کشمیر کے موقع پر آج میرپورخاص میں کشمیری عوام سے اظہارِ یکجہتی کے لیے تقریبات کا انعقاد کیا گیا، جس میں کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی حمایت اور مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے خلاف آواز بلند کی گئی۔
ضلعی انتظامیہ میرپورخاص کے مطابق اس سلسلے میں کمشنر کمپلیکس / ڈپٹی کمشنر آفس میں صبح 10 بجے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی، جس کے بعد صبح 10 بج کر 5 منٹ پر ڈپٹی کمشنر میرپورخاص نواب سمیر لغاری کی قیادت میں ریلی نکالی گئی۔ ریلی کمشنر کمپلیکس سے شروع ہو کر میرپورخاص پریس کلب پہنچی۔
ریلی کا مقصد کشمیری عوام کے ساتھ اظہارِ یکجہتی، ان کے حقِ خودارادیت کی حمایت اور مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے خلاف آواز بلند کرنا تھا۔
ضلعی انتظامیہ کی جانب سے متعلقہ محکموں، تعلیمی اداروں، افسران، عملے، اساتذہ، طلبہ اور سول سوسائٹی کے نمائندوں کو تقریبات میں شرکت کی ہدایت کی گئی تھی۔
اس موقع پر پاکستان اور کشمیر کے پرچم، بینرز اور سیاہ پٹیاں استعمال کرکے کشمیری عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا گیا۔