میرپورخاص: ریجنل ڈائریکٹر صوبائی محتسب سندھ کی کھلی کچہری، تنخواہوں اور پنشن سے متعلق شکایات موصول
میرپورخاص: صوبائی محتسب اعلیٰ سندھ کی ہدایات پر ڈسٹرکٹ اکاؤنٹس آفس میرپورخاص میں عوامی شکایات کے ازالے کے لیے کھلی کچہری منعقد کی گئی، جس میں ریجنل ڈائریکٹر صوبائی محتسب اعلیٰ سندھ میرپورخاص سید امداد علی شاہ نے شہریوں کی شکایات سنیں۔ اس موقع پر اسسٹنٹ ڈسٹرکٹ اکاؤنٹس آفیسر ون افضل چانڈیو اور عرفان بھی موجود تھے۔
کھلی کچہری کے انعقاد کا مقصد سرکاری ملازمین اور عام شہریوں کو درپیش مسائل، بالخصوص تنخواہوں، پنشن، بقایاجات، جنرل پراویڈنٹ فنڈ (جی پی فنڈ)، مالی معاونت اور دیگر انتظامی و مالی معاملات کے حل کے لیے متعلقہ فورم فراہم کرنا تھا۔
اس موقع پر مجموعی طور پر 10 درخواستیں موصول ہوئیں، جبکہ 6 مقدمات کی سماعت کی گئی۔ موصولہ شکایات میں ٹھیکیدار کی جانب سے سی سی بلاک کا کام مکمل نہ کرنا، اسکول میں پیون کی عدم دستیابی کے باعث درپیش مشکلات، محکمہ تعلیم کے ملازمین کو پنشن اور بقایاجات کی بروقت ادائیگی نہ ہونا اور تنخواہوں سے متعلق مسائل شامل تھے۔
ہائی وے کے ایک ریٹائرڈ ملازم نے شکایت درج کرائی کہ ریٹائرمنٹ کے بعد انہیں تاحال واجب الادا مالی مراعات موصول نہیں ہوئیں، جبکہ محکمہ لوکل گورنمنٹ کے ایک ریٹائرڈ ملازم نے پنشن اور تنخواہ کی عدم ادائیگی سے متعلق شکایت پیش کی۔
ریجنل ڈائریکٹر سید امداد علی شاہ نے متعلقہ شکایات کا جائزہ لیتے ہوئے قانون اور مقررہ طریقہ کار کے مطابق کارروائی کی ہدایت کی۔ انہوں نے درخواست گزاروں کو ہدایت کی کہ درخواست جمع کراتے وقت اپنا مکمل نام، موبائل نمبر، مکمل ڈاک کا پتہ اور قومی شناختی کارڈ کی نقل لازماً منسلک کریں، تاکہ شکایات پر کارروائی میں آسانی ہو اور مسائل کا قانون کے مطابق ازالہ کیا جا سکے۔