میرپورخاص میں یومِ سیاہ کشمیر پر ریلی نکالی جائے گی

میرپورخاص: ضلعی انتظامیہ میرپورخاص کے مطابق حکومتِ سندھ کی ہدایات پر یومِ سیاہ کشمیر کے موقع پر 27 اکتوبر کو کشمیری عوام سے اظہارِ یکجہتی کے لیے مختلف تقریبات منعقد کی جائیں گی۔

اس سلسلے میں صبح 10 بجے کمشنر کمپلیکس / ڈپٹی کمشنر آفس میرپورخاص میں ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی جائے گی، جس کے بعد صبح 10 بج کر 5 منٹ پر ڈپٹی کمشنر میرپورخاص نواب سمیر لغاری کی قیادت میں ریلی نکالی جائے گی۔ ریلی کمشنر کمپلیکس سے شروع ہو کر میرپورخاص پریس کلب پہنچے گی۔

ریلی کا مقصد کشمیری عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار، ان کے حقِ خودارادیت کی حمایت اور مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے خلاف آواز بلند کرنا ہے۔

ضلعی انتظامیہ نے متعلقہ محکموں، تعلیمی اداروں، افسران، عملے، اساتذہ، طلبہ اور سول سوسائٹی کے نمائندوں کو تقریبات میں شرکت یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔

اس موقع پر کشمیری عوام سے اظہارِ یکجہتی کے لیے پاکستان اور کشمیر کے پرچم، بینرز اور سیاہ پٹیاں استعمال کی جائیں گی۔

متعلقہ خبریں