میرپورخاص تعلیمی بورڈ میں بڑا اسکینڈل، 2021 سے 2025 تک جاری 2 ہزار 539 میٹرک اور انٹر کے سرٹیفکیٹس منسوخ
میرپورخاص: بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن میرپورخاص میں بڑے پیمانے پر تعلیمی جعلسازی کا انکشاف ہوا ہے، جس کے بعد سال 2021 سے 2025 کے دوران جاری کیے گئے میٹرک اور انٹرمیڈیٹ کے مجموعی طور پر 2 ہزار 539 سرٹیفکیٹس منسوخ کر دیے گئے ہیں۔
تحقیقات کے دوران طلبہ کے جعلی داخلوں، مارک شیٹس میں ردوبدل اور بورڈ کے افسران، عملے اور تعلیمی اداروں کے بعض افراد کی مبینہ ملی بھگت سے ہونے والی بے ضابطگیوں کا انکشاف ہوا ہے۔
رپورٹ کے مطابق تعلیمی ریکارڈ کی جانچ پڑتال کے دوران مختلف نوعیت کی جعلسازی سامنے آنے پر متعلقہ سرٹیفکیٹس کی منسوخی کا فیصلہ کیا گیا۔ بورڈ کے چیئرمین نے تحقیقات کے نتائج اور بے ضابطگیوں کی تصدیق کرتے ہوئے کارروائی کی توثیق کی ہے۔
اس اسکینڈل کے سامنے آنے کے بعد میرپورخاص تعلیمی بورڈ کے امتحانی اور سرٹیفکیٹ جاری کرنے کے نظام میں شفافیت، نگرانی اور ذمہ داران کے تعین سے متعلق سوالات بھی اٹھنے لگے ہیں۔